ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کی مخلوط حکومت کو گرانے کی کوشش یڈیورپا کو پڑ گئی مہنگی؛ کماراسوامی نے آپریشن کمل کی ہی دھجیاں اڑادیں

کرناٹک کی مخلوط حکومت کو گرانے کی کوشش یڈیورپا کو پڑ گئی مہنگی؛ کماراسوامی نے آپریشن کمل کی ہی دھجیاں اڑادیں

Wed, 13 Feb 2019 00:18:20    S.O. News Service

بنگلورو،12؍فروری(ایس او نیوز) کرناٹک کی مخلوط حکومت کو گرانے کے لئے بی جے پی کے ریاستی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا کی طرف سے پچھلے چھ سات ماہ کے دوران ہر دن نئے نئے حربوں سے کوشش کی جارہی تھی، مگر کماراسوامی نے آپریشن کمل کی ہی دھجیاں اُڑاتے ہوئے یڈی یورپا کی کارستانیوں کو بے نقاب کردیا۔

واضح رہے کہ  وزیراعلیٰ کمار سوامی اسمبلی میں اپنا بجٹ پیش کرنے والے تھے کہ چند برگشتہ کانگریس اراکین اسمبلی کو ممبئی کی ایک ہوٹل میں رکھ کر یڈیورپا کو یقین ہوچکا تھاکہ کمارسوامی بجٹ پیش نہیں کرسکیں گے اسی زعم میں انہوں نے دیودرگ کے سرکاری گیسٹ ہاؤز کا رخ کیا اور یہاں گلبرگہ ضلع کے گرمٹکل حلقے سے منتخب بزرگ جے ڈی ایس ناگن گوڈا کی وفاداری بدلنے کے جوش میں انہوں نے ناگن گوڈا کے فرزند سدھاکر گوڈا کو بار بار فون کرکے دیودرگ کے گیسٹ ہاؤز آدھی رات کے بعد طلب کیا ، شاید یہی یڈیورپاکی سب سے بڑی بھول تھی کہ انہوں نے سدھاکر کو باتوں باتوں میں ممبئی جاکر اپنے فرزند وجیندرا سے دس کروڑ روپے حاصل کرنے اور اپنے والد کو مستعفی کروانے کے بعد ریاست میں بننے والی بی جے پی حکومت میں وزیر بننے کا آفر بھی دے دیا۔ لیکن انہیں کیا پتہ تھا کہ سدھاکر گوڈا ان کے پاس آنے سے پہلے کمار سوامی کو اس کی اطلاع دیں گے۔یڈیورپا کے طلب کرنے پر سدھاکر گوڈا آدھی رات کے بعد گیسٹ ہاؤز پہنچے اور انہیں لالچ دیتے ہوئے یڈیورپانے جو بھی بات چیت کی ان تمام کی ریکارڈنگ کرکے سیدھے کمار سوامی کے پاس پہنچ گئے۔

مخلوط حکومت کو گراکر وزیراعلیٰ بننے کی تیاری میں لگے یڈیورپا کے پیروں تلے زمین کھسک گئی جب کمار سوامی نے اس بات چیت پر مشتمل آڈیو منظر عام پر لایا۔ابتداء میں یڈیورپا نے اس آڈیو کو فرضی قرار دیا، لیکن دو دن بعد انہیں اعتراف کرنا ہی پڑا کہ آڈیو میں جوآواز ہے وہ انہی کی ہے۔ اور رکن اسمبلی کے فرزند سے انہوں نے آدھی رات کے بعد ملاقات کی تھی، لیکن الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مانند بی جے پی نے الزام لگانا شروع کردیا ہے کہ وزیراعلیٰ کمار سوامی نے منظم سازش کے تحت یڈیورپا کو پھنسایا ہے۔ یہ تمام واقعات اپنی جگہ ، لیکن ایک آڈیو نے ریاستی حکومت کو گرانے کے لئے بی جے پی کے تمام منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔یڈیورپا کو اقتدار پر آنے کا اتنا یقین ہوچکا تھاکہ مبینہ آڈیو میں انہوں نے یہاں تک کہہ دیاکہ دو چار دنوں میں حکومت بدل جائے گی اور سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، لیکن آڈیو کے منظر عام پر آتے ہی جہاں یڈیورپا کی سازش بے نقاب ہوگئی وہیں ریاستی بی جے پی کے بیشتر قائدین نے خود کو یڈیورپا سے دور کرلیاہے۔

یہاں تک کہ وزیراعظم مودی کے دورۂ ہبلی کے دوران مودی نے یڈیورپا سے بات تک نہیں کی اور اقتدار پر آنے کی ہوس میں یڈیورپا سے جو غلطی ہوئی اس کی وجہ سے ایک طرف آپریشن کمل کو مستقل طور پر روکنے میں وزیراعلیٰ کمار سوامی نے کامیابی حاصل کرلی۔ دوسری طرف یڈیورپا اپنی پارٹی میں یکا وتنہا ہوگئے۔ 
 


Share: